اسلام آباد: کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل 2021) کے پہلے ایڈیشن کا کاؤنٹ ڈاؤن اب شروع ہوگیا ہے کیونکہ تین جولائی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کے پی ایل ڈرافٹ ایونٹ منعقد ہوئی جس میں ایک جانب تو تمام چھ فرنچائز کے مالکان نے شرکت کی تو دوسری جانب ٹیم سے وابستہ تھنک ٹینکے کے اراکین بھی شریک ہوئے۔ اس کاوش کا مقصد یہ تھا کہ سب سے بہترین اور متوازن ٹیم منتخب کی جائے تاکہ اسے کشمیر پریمیئر لیگ کا افتتاحی ٹائٹل عطا کیا جاسکے۔
شام 5:30 بجے’ریڈ کارپٹ‘ تقریب شروع ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، سینیٹر فیصل جاوید، کے پی ایل کے صدر عارف ملک، اور کے پی ایل کے سی ای او شہزاد چوہدری شامل تھے۔ اس کے علاہ لیجنڈری کھلاڑیوں میں وسیم اکرم ( نائب صدر، کے پی ایل)، شاہد آفریدی ( برانڈ ایمبیسڈر)، انضمام الحق، شعیب ملک، سعید اجمل، عمر گل، عمر امین اور عبدالرزاق نے بھی اپنی شمولیت سے اس تقریب کو چار چاند لگادیئے۔
اس اہم موقع پر قابلِ احترام مہمانوں نے اپنے اپنے خیالات سے میڈیا کو آگاہ کیا اور اس اہم لیگ کے انعقاد پر اپنی گرمجوشی اور مسرت کا اظہار کیا جو دنیائے کرکٹ کی واحد لیگ ہے جہاں پہلی مرتبہ کشمیر کو نمائیندگی دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے پی ایل، تیمورعلی خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح کشمیر کے نوجوان ٹیلنٹ کو لیگ کے ذریعے پوری دنیا میں روشناس کرایا جائے گا۔ کے پی ایل کے وائس پریذیڈنٹ وسیم اکرم تقریب کے پہلے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے شرکا سے گفتگو کی، بعد ازاں ایک اور لیجنڈ کھلاڑی شاہد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جو کے پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈربھی ہیں۔
دونوں عظیم کھلاڑیوں نے کے پی ایل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اسے ایک ترقی یافتہ اور بہتر کشمیر کی جانب پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کے پی ایل انتظامیہ کی اس اہم ایونٹ کے انعقاد کو بھی سراہا ۔
source credit: https://www.express.pk/
Comments
Post a Comment