سعودیہ میں مزید کئی شعبوں سے ہزاروں پاکستانیوں کی ملازمتیں ختم ہو جائیں گی
ریئل اسٹیٹ، سینما سیکٹر، ڈرائیونگ اسکول، لیگل فرمز اور انجینئرنگ کے پیشوں میں 40 ہزار مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے گا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی 2021ء) سعودی عرب میں گزشتہ تین سال کے دوران مقامی آبادی کو روزگار دلانے کے لیے لاکھوں غیرملکی کی ملازمتیں ختم کر کے انہیں مملکت سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ چونکہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ غیر ملکی ملازمین پاکستانی ہیں اس لیے سعودائزیشن کے نتیجے میں سب سے زیادہ وہی بے روزگار ہوئے ہیں۔ اب ایک بار پھر ہزاروں پاکستانیوں کی اہم شعبوں سے چھْٹی کرا نے کی تیاری ہو رہی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے مزید 6شعبوں اور پیشوں میں سعودائزیشن کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے جس کے نتیجے میں ان شعبوں سے ہزاروں غیر ملکیوں کا دانا پانی ختم ہو جائے گا اور ان کی جگہ مقامی نوجوان لڑکے لڑکیاں ملازمتیں حاصل کریں گے۔ سعودی وزیر برائے انسانی وسائل و سماجی ترقی انجینئر احمد بن سلیمان الراجحی نے اس حوالے سے فیصلے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت مقامی افراد کو 40 ہزار سے زائد نوکریاں دی جائیں گی۔
سعودی وزیر کے مطابق اب ریئل اسٹیٹ کی سرگرمیوں، سینما سیکٹر، ڈرائیونگ اسکول، لیگل فرمز، کسٹم کلیئرنس سمیت کئی تکنیکی اور انجینئرنگ کے پیشے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں اس سے قبل فارمیسی، انجینئرنگ، اکاؤنٹنٹ اور دندان سازی کے شعبوں سے بھی غیر ملکیوں کو فارغ کرنے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ جبکہ کچھ عرصہ قبل سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے بتایا تھا کہ جلد ریسٹورنٹس اور قہوہ خانوں سے بھی تارکین کی چھٹی کرا دی جائے گی۔
احمد الراجحی نے کہا تھا کہ ریسٹورنٹس اور قہوہ خانوں میں بھی لاکھوں تارکین کام کر رہے ہیں، ان تارکین کی جگہ جلد مقامی لڑکوں اور لڑکیوں کو ملازمتیں دی جائیں گی، تاکہ سعودی عرب کے مقامی باشندوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہو سکے۔اس کے علاوہ ہائپر مارکیٹس میں بھی سعودائزیشن پالیسی کے تحت غیر ملکیوں کی گنتی کم کر کے مقامی افراد کو نوکریاں دی جائیں گی۔
تاکہ تعلیم یافتہ سعودی سٹوڈنٹس قہوہ خانوں، ریسٹورنٹس اور ہائپر مارکیٹس میں پارٹ ٹائم ملازمتیں کر سکیں۔اس سے پہلے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی سعودائزیشن کا اعلان کیا گیا تھا۔سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے بتایا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی ایپلی کیشن میں 45 ہزار سعودیوں کی بھرتی کی جائے گی۔جس کے باعث مزید ہزاروں پاکستانی بے روزگار ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں ٹیکسی ایپلی کیشن کی سعودائزیشن مکمل ہوجائے گی۔
source credit: https://www.urdupoint.com/
Comments
Post a Comment