بھارتی وزیر خارجہ نے فیٹف کو پاکستان کے خلاف سیاسی طور پر استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا

پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں رکھنا مودی حکومت نے یقینی بنایا۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر

بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کو پاکستان کے خلاف سیاسی طور پر استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اعتراف کیا کہ بھارت کی کوشش سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ میں رہا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں رکھنا مودی حکومت نے یقینی بنایا، بھارتی کوششوں کے باعث ہی پاکستان گرے لسٹ میں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ہی کوششوں سے پاکستان فیٹف کے ریڈار پر آیا تھا۔ اخبار کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ بھارت چین کے کسی دباؤ میں نہیں آئے گا اور نہ ہی جھکے گا۔ انہوں ںے یہ بات بی جے پی کے رہنماؤں کی تربیت کے لیے منعقدہ ایک ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

جے شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنےکی کوشش کی ہے تاہم اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ دہشت گردی کو ایک عالمی مسئلے کے طور پر دیکھا جائے۔

تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے اور اسی وجہ سے پاکستان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے عالمی ادارے فائنینشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

 

 

source credit: https://www.urdupoint.com/

 

Comments