متحدہ عرب امارات میں مقیم ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو بڑی رعایت مل گئی


اب تمام ایکسپائرڈ ویزہ رکھنے والے بھی ابوظبی میں کورونا ویکسین مفت لگوا سکیں گے

ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون2021ء ) اماراتی حکومت نے کورونا کی وبا کوجڑ سے اُکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے، اس مقصد کے لیے مملکت میں چند ماہ کے دوران ہی ریکارڈ ویکسی نیشن کی گئی ہے ۔
اب تک ایک کروڑ 35 لاکھ سے زائد ویکسین خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔ جبکہ روزانہ کی بنیادوں پر پی سی آر ٹیسٹنگ کے معاملے میں بھی امارات دُنیا بھر کے پانچ بہترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔
متحدہ عرب امارات کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ابوظبی حکومت نے ایک اہم اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اب ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز بھی مفت ویکسین لگوا سکیں گے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظبی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رہائشی اور انٹری ویزہ رکھنے والوں کے ویزے کی مُدت اگر ختم بھی ہو گئی ہے تو بھی وہ ویکسین لگوا سکیں گے۔
ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھی ایکسپائرڈ رہائشی ویزہ ہولڈر یا ایکسپائرڈ انٹری ویزہ ہولڈر بھی ویکسین لگوا سکتا ہے تاکہ اس کی زندگی اور صحت کورونا کے خطرات سے محفوظ رہے۔
ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو یہ رعایت وبا کے باعث پیدا ہونے والے خصوصی حالات کی وجہ سے دی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈر ریاست کے کسی بھی ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروانے کے بعد مفت ویکسین لگوا سکتا ہے۔واضح رہے کہمتحدہ عرب امارات کورونا ویکسی نیشن کے معاملے میں دُنیا بھر میں اسرائیل کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔


source credit: https://www.urdupoint.com/

 

Comments