حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودیہ کی شہری آبادی کو ہدف بنانے کی خاطر بھیجے گئے ڈرونز فضا میں تباہ کر دیئے گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جون2021ء) سعودی عرب میں عید کی تعطیلات کے بعد سے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔گزشتہ کئی روز سے حوثیوں کی جانب سے تقریباً روزانہ سعودی مملکت پر ڈرونز، گولے اورمیزائل داغے جا رہے ہیں۔ حوثی ملیشیا نے سعودیہ کے جنوبی علاقے کو اپنے تخریبی حملوں کا مستقبل ہدف بنا لیا ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران16بارودی ڈرونز سے حملہ کی کوشش کی گئی ہے۔ سعودی مملکت پر گزشتہ روز ایک بار پھر چار ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔ یہ چاروں ڈرونز سعودیہ کے جنوبی خطے کی جان چھوڑے گئے تھے۔ جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔ عرب فوجی اتحاد برائے یمن نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس کارروائی سے قبل جازان کو نشانہ بنانے کے لیے چھوڑے گئے ڈرون کو بھی تباہ کردیا ہے۔
دو روز قبل خمیس مشیط کو ایک بار پھر بارود بردار ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم حوثیوں کی جانب سے کیے گئے اس دہشت گردانہ حملے کو اتحاد ی افواج نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا ہے۔اس سے ایک روز پہلے حوثی ملیشیا نے خمیس مشیط کے علاقے پر بارود سے لدا ڈرون بھیجا گیا، اس ڈرون کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس طرح سعودی کی شہری آبادی بڑی تباہی سے بال بال بچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودیہ یمن سرحد کے قریب ایک گاوٴں کی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔ اس مقصد کے لیے جازان کے سرحدی گاوٴں پر پانچ گولے (پروجیکٹائل) داغے گئے جو کہ خوش قسمتی سے آبادی سے کچھ میٹر دْور ایک سڑک کے آس پاس آ گرے، جہاں اس وقت کوئی ٹریفک نہیں گزر رہی تھی، ورنہ جانی نقصان کا المیہ پیش آ سکتا تھا۔جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان مھند زیلعی نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ گاوٴں کی ایک بڑی سڑک کے قریب پانچ گولے دکھائی دیئے ہیں۔شہری دفاع کے عملے نے فوراً پہنچ کر دیکھا تو یہ پروجیکٹائل تھے۔ جو خوش قسمتی سے آبادی سے خالی زمین پر آ گرے تھے، جس کی وجہ سے کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔
source credit: https://www.urdupoint.com/
Comments
Post a Comment